کمشنر ملاکنڈ ریاض خان محسود نے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی پر ایکشن لیتے ہوئے جمعے کو خود کمراٹ جنگل کا دورہ کرتے ہوئے جاری غیر قانونی کٹائی پر چھ افراد کو گرفتار کرکے لکڑی کے بھرے دو ٹرک بھی سرکاری تحویل میں لے لئے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ وہ معمول کے مطابق کالام، گبرال، بادگوئی اور تھل کے علاقوں میں ذاتی گارڈ کے ہمراہ جنگلات کے معائنے پر تھے کہ اچانک انہوں نے چھ افراد کو دیکھا جو کہ جنگلات کی غیرقانونی کٹائی میں مصروف ہیں۔ انہوں چھ افراد کو گرفتار کر غیر قانونی لکڑی سے بھرے دو ٹرک بھی قبضے میں لیکر تھل تھانے میں متعلقہ افراد کیخلاف ایف آئی درج کرائی۔
ریاض خان محسود کا مزید کہنا ہے کہ جنگلات ملاکنڈ ڈویژن کے قدرتی حسن اور پُر فضا ماحول کا حصہ ہیں جبکہ اس کی کٹائی پر کسی بھی کاروائی سے دریغ نہیں کیاجائے گا ۔ واضح رہے پچھلے مہینے جنگلات کی کٹائی میں کوتاہی پر دو ڈی ایف او سمیت پچیس اہلکاروں کو معطل کرکے ان کیخلاف محکمانہ کاروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔