وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے محکمہ بلدیات کے الیکٹرانک پراپرٹی مینجمنٹ سسٹم کا باضابطہ افتتاح کیا ہے جس کے تحت ٹاﺅن میونسپل ایڈ منسٹریشنز سمیت محکمے کے دیگر تمام ذیلی اداروں کی ملکیتی کمرشل جائیدادوں کے انتظام و انصرام سے متعلق اُمور کو آن لائن کر دیا گیا ہے جبکہ ان کمرشل جائیدادوں کی صاف و شفاف نیلامی کیلئے ڈیجٹیل سسٹم متعارف کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ای پراپرٹی مینجمنٹ سسٹم کو ای گورننس اور ڈیجٹیل پاکستان کے وژن کی تکمیل کیلئے صوبائی حکومت کی ایک اور اہم پیشرفت اور اپنی نوعیت کا ایک منفرد اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف کمرشل جائیدادوں کی صاف و شفاف اور آسان طریقے سے نیلامی ممکن ہو گی بلکہ محکمے کی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ ای پراپرٹی مینجمنٹ سسٹم کی افتتاحی تقریب وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہو ئی جس میں وزیراعلیٰ نے سسٹم کا باضابطہ افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش اور سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں کے علاوہ محکمے کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ نے ای پراپرٹی مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے پر محکمہ بلدیات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثراستعمال کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس مو قع پر بتایا گیا کہ خیبرپختونخواای پراپرٹی مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے والا ملک کا پہلا صوبہ ہے ۔