ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت اشیاء خوردونوش کی سمگلنگ کی روک تھام اور سد باب سے متعلق اجلاس کا انعقاد۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کو مربوط لائحہ عمل تشکیل دینے اور اس قبیح فعل میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائیاں عمل میں لانے کی ہدایت۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت اشیاء خوردونوش کی سمگلنگ کی روک تھام اور اس کے سد باب کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نورعالم محسود، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرحافظ واحد محمود، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداروں، نائب تحصیلداروں کے علاوہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ، انڈسٹریز، کسٹمزو دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اشیاء خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی یا سمگلنگ قبیح فعل ہیں جو کہ کسی صورت بھی قابل برداشت نہیں ہیں لہذا تمام متعلقہ محکموں کے افسران اشیاء خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کے تدارک اور سد باب سے متعلق مربوط لائحہ عمل تشکیل دے کر ملوث عناصر کے خلاف سخت کاروائیاں عمل میں لائیں۔