کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تدارک کے حوالے سے وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریوینیو رحمد اللہ خان نے مختلف بازاروں اور پٹرول پمپس کا معائنہ کیا اور موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریوینیو رحمد اللہ خان نے کورونا وائرس کے تدارک کے حوالے سے وضع کردہ احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد کا جائزہ لینے کیلئے مختلف کپڑوں کی دکانوں، بیکریز، جنرل سٹورز اور ہوٹلز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہینڈ سینیٹائزر کے استعمال، ماسک پہننے اور معاشرتی فاصلے کو برقرار رکھنے سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا اور موقع پر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا ایک خطرناک وائرس ہے اور اب تک اسکا علاج دریافت نہ ہونے کے باعث احتیاطی تدابیر ہی اسکا واحد علاج ہیں لہذا ہم سب کو چاہیے کہ حکومت کی جانب سے وضع کردہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔