وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کی طرز پرکوئیک رسپانس فورس بنانے کے احکامات جاری کر دئیے۔ ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے این ایل سی سی اجلاس۔ پاکستان میں ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے این ایل سی سی کا اہم اجلاس بذریعہ وڈیو لنک منعقد ہوا۔ مرکزی حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر براے نیشنل فوڈ سیکیورٹی فخر امام اور نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل معظم اعجاز نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ صوبائی حکومت کی طرف سے وزیر زراعت خیبرپختونخوا محب اللہ خان نے صوبے کی نمائندگی کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیازصاحب، سیکرٹری زراعت خیبرپختونخوا جناب محمد اسرار صاحب، پاک فوج کے نمائندوں اور ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع عابد کمال صاحب نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت نے صوبہ خیبرپختونخوا میں ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک صوبہ خیبر پختونخوا میں 35 لاکھ ہیکٹر رقبے پر سروے جبکہ 44 ہزار ہیکٹر رقبے پر ٹڈی دل کو کنٹرول کیا گیا ہے۔ ٹڈی دل کے کنٹرول کے لئے محکمہ زراعت کی 80 ٹیمیں سروے اور کنٹرول میں حصہ لے رہی ہیں۔ وزیر زراعت نے وفاقی حکومت کو صوبائی حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات جیسا کہ کوییک رسپانس فورس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں اگاہ کیا۔ اس کے ساتھ ایران اور افغانستان سے ممکنہ ٹڈی دل کے جھنڈ داخل ہونے اور ان کو کنٹرول کرنے کی حکمت عملی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر زراعت نے مرکزی حکومت کو درخواست کی کہ ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کے لئے صوبائی حکومتوں کی ہر ممکن مدد کی جائے اور ایک جامع پی ایس ڈی پی پراجیکٹ تشکیل دیا جائے۔ وفاقی حکومت نے صوبہ خیبرپختونخوا کی طرف سے ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور خیبر پختونخوا کی طرز پر کوییک رسپانس فورس بنانے کے احکامات جاری کئے۔