مویشی پال زمینداروں کی حکومت بھرپور مدد کر رہی ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان نے ضم اضلاع کے کسانوں میں مویشیوں کی بہتر دیکھ بھال اور صحت مند بنانے کے لئے بدھ کے روز پشاور میں چیک تقسیم کئے اور اس موقع پر منعقدہ تقریب میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن غزن جمال، سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد اسرار، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک توسیع ڈاکٹر عالم زیب خان، سی پی او منتظر شاہ، ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر ضم اضلاع ڈاکٹر سجاد وزیر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ توسیع ڈاکٹر عالم زیب خان نے جانوروں کو فربہ کرنے کے منصوبے کے حوالے سے شروع کردہ منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے اور خاص طور پر ضم شدہ اضلاع میں معیاری گوشت کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر زراعت محب اللہ خان نے کہا کہ صوبائی حکومت ضم شدہ اضلاع کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ضم اضلاع میں زراعت و لائیو سٹاک کے شعبوں کے فروغ کے لئے نمایاں اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور زمینداروں میں چیک تقسیم کرنے کا منصوبہ اسی پروگرام کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت غریب لوگوں کی زندگی میں بہتری لانے کے لئے اپنے وعدے پور ے کررہی ہے اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر معاون خصوصی غزن جمال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے لوگوں کا زیادہ تر انحصار زراعت و مال مویشی پر ہے اور مذکورہ پروگرام ان کی فلاح و بہبود میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔