افتتاح کے موقع پر صوبائی وزیر تعلیم نے ہدایت جاری کی کہ نئے ضم شدہ اضلاع کے تمام ملازمین کو جلد از جلد اس نئے عمارت میں شفٹ کروا دیا جائے تاکہ ان اضلاع کے دفتری امور کو ایک ہی چھت کے نیچے نمٹایا جا سکے اور ماضی کے ستائے ہوئے لوگوں کو موجودہ حکومت کے ان کی بہتری کے لیے کاوشوں کا اندازہ ہوسکے اور انہیں حقیقی معنوں میں مثبت تبدیلی کے اثرات مل سکے۔ اس موقع پر سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری، ڈائریکٹر ابتدائی و ثانوی تعلیم حافظ محمد ابراہیم، ایڈیشنل ڈائریکٹر نئے ضم شدہ اضلاع محمد اقبال اور محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع کے تمام سکولوں میں موجود اساتذہ اور طلبہ کی ریشنلائزیشن کی جائے گی تاکہ مستقبل قریب میں سکولوں میں طلبہ کے تعداد کے مطابق اساتذہ کی تعنیاتیوں کو یقینی بنایا جاسکے۔ انھوں نے ہدایت جاری کی کہ نئے ضم شدہ اضلاع سمیت پورے صوبے کے اساتذہ کے تعلیمی اسناد کی تصدیقی کا عمل جلد شروع کروایا جائے گا جس کے تحت قابل اور تجربہ کار آفسرز کی نگرانی میں اسناد کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور غلطی اور کوتاہی کے مرتکب ملازمین کو قانون کے مطابق سزادی جائے گی تاکہ میرٹ کی بالادستی ہو اور حقدار کو اس کا حق مل سکے۔