کے پی فوڈ اتھارٹی نے جعلی برانڈز کیخلاف عوامی شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے کوہاٹ روڈ اور ہشتنگری میں دو گودام سیل کرکے متعلقہ پولیس سٹیشنز میں مزید کاروائی کیلئے مراسلہ جمع کردیا ہے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی سہیل خان نے کہا ہے کہ فوڈ اتھارٹی کیساتھ تمام برانڈز اور اشیائے خوردونوش کے روزگار رجسٹرڈ ہیں اور فوڈ اتھارٹی علاقائی سطح پر بننے والی اشیائے خوردونوش کی ترویج اور ترسیل کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور اس کی رجسٹریشن اور بہتری میں تکنیکی معاونت بھی فراہم کرتی ہے لیکن قومی و بین الاقوامی برانڈز کی جعلی کاپی اور غیرمعیاری مشروبات کا کاروبار کرنا سنگین جرم ہے جسے کے پی فوڈ اتھارٹی تقریبا صوبے سے ختم کرچکی ہے۔
کریک ڈاون کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت وزیر کا کہنا ہے کہ ہمدرد انڈسٹری کی نشاندہی پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی اسد علی اور رحم العزیز کی ٹیموں نے کوہاٹ روڈ پر واقع گودام پر چھاپہ مارا۔ جہاں ہمدرد برانڈ کے مشہور زمانہ مشروب کے نام پر جعلی مشروبات کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ گودام میں مشہور مشروب کے ریپرز اور پیکجنگ کا تمام میٹیریل بھی موقع پر برآمد کیا گیا۔ ان کے مطابق گودام سے ہزاروں لیٹر غیر معیاری مشروبات کو قبضہ میں لیکر گودام کو سیل کردیا گیا جبکہ مالک کیخلاف متعلقہ تھانے میں مراسلہ جمع کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔