وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے منتخب عوامی نمائندوں پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں سماجی فاصلوں اور دیگر احتیاطی تدابیر کے حوالے سے عوام کو زیاد ہ سے زیادہ آگہی دینے اور ان پر عمل درآمد کیلئے لوگوں کو قائل کرنے میں اپناموثر کردار ادا کریں ۔ منتخب عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقہ ہائے نیابت میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی روابط رکھیں اور عوام کو کورونا سے محفوظ بنانے کیلئے سلسلے میں جزوی لاک ڈاﺅن اور سماجی فاصلوں کے حوالے سے حکومتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ روزانہ کی بنیادوں پر رابطے رکھیں۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ موجودہ مشکل صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ ساتھ منتخب عوامی نمائندوں اور معاشرے کے ہر طبقے کو اپنے اپنے حصے کا کردارادا کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کے روز ضلع مردان سے منتخب ممبران صوبائی اسمبلی کے ایک وفد سے گفتگو کر تے ہوئے کیاجنہوںنے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں اُن سے ملاقات کی اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں افتخار مشوانی، عبد السلام آفریدی، ملک شوکت اورامیر فرزندشامل تھے۔وفد نے وزیراعلیٰ کو ضلع مردان میں لاک ڈاﺅن کی صورتحال، سماجی فاصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال، موجودہ صورتحال میں لوگوں کو درپیش مسائل اور دیگر متعلقہ معاملات سے آگاہ کیا۔