مشیر اطلاعات خیبر پختون خوا اجمل خان وزیر نے کہا کہ حکومت ضم شدہ اضلاع میں صحافت کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہیں اس سلسلے میں وزیر اعلی خیبر پختون خوا محمود خان نے نئے ضم شدہ اضلاع کے پریس کلبوں کے لیے 20 لاکھ گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ پشاور میں ریجنل انفارمیشن آفیسرز کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مشیر اطلاعات کو ضم شدہ اضلاع میں صحافت کے فروغ اور محمکہ اطلاعات کے میڈیا سٹریٹجی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مشیر اطلاعات نے ریجنل انفارمیشن آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ریجن میں محمکہ اطلاعات کی کارکردگی کو مزید موثر بنائے اور محکمہ کو جدید خطوط استوار پر کریں۔ اجمل وزیر نے کہا کہ تمام ضم شدہ اضلاع میں ریڈیو سٹیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے جس پر کام تیزی سے جاری ہے اور عنقریب باجوڑ ریڈیو سٹیشن کا افتتاح کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو سٹیشن نچلی سطح پر معلومات فراہم کرنے کا سب سے موثر ذریعہ ہے۔ اجمل وزیر نے کورونا کی وباء میں آگاہی فراہم کرنے اور عوام کو بروقت گھر کی دہلیز پر طبی مشورے فراہم کرنے پر پختون خوا ریڈیو سوات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ وبائی صورتحال میں سوات ریڈیو کو بین القوامی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں محمکہ اطلاعات کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بنایا جائیگا اور عوام کو بروقت اور مصدقہ معلومات فراہم کئے جائنگے۔