خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت و لائیوسٹاک محب اللہ خان کے زیر صدارت ڈی جی لائیوسٹاک توسیع کے دفتر میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ زراعت و لائیوسٹاک کے سیکرٹری محمد اسرار خان،ڈی جی لائیو سٹاک توسیع ڈاکٹر عالم زیب اور لائیوسٹاک کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران بازاروں اور مارکیٹوں میں گوشت دودھ اور انڈوں سمیت دیگر روزمرہ اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی اور عوام کی مشکلات کے ازالے کے لئے کافی غور و خوض ہوا اور اس موقع پر مثبت تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ وزیر لائیوسٹاک وزراعت کو موجودہ صورتحال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محب اللہ خان نے لائیوسٹاک کے ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں قصابوں،دودھ اور انڈے فروشوں کی دکانوں کا روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کریں اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کا سختی سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ اشیاء کی دستیابی پر کڑی نظر رکھیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود بھی اس سلسلے میں آگاہی حاصل کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شکایت اور کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے اور محکمہ لائیوسٹاک زراعت اس حوالے سے تمام تر اقدامات کو یقینی بنا رہا ہے۔