خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی محمود خان نے ہفتے کے روز حیات آباد میڈیکل کمپلکس کا دورہ کیا اور وہاں پر کورونا سے جان بحق ہونے والے پروفیسر ڈاکٹر جاوید کے انتقال پر ڈاکٹر کمیونٹی سے دلی تعزیت کی۔ وزیر اعلی نے مرحوم ڈاکٹر کی روح کی ایصال ثواب اور اس کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ اور دعا کی ۔اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے مرحوم ڈاکٹر جاوید کو قوم کا اصل ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے دوسروں کی جانیں بچانے کے لئے اپنی جان کی قربانی پیش کی اور اس کی یہ عظیم قربانی کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا. وزیر اعلی نے کورونا مریضوں کے لئے ڈاکٹر جاوید کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مرحوم کا نام سول ایوارڈ کے لئے نامزد کرنے اور اس کے اہل خانہ کے لئے خصوصی پیکیج دینے کا اعلان کیا۔
وزیر اعلی کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکریٹری داخلہ اکرم اللہ اور صحت سید امتیاز حسین بھی وزیر اعلی کے ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے تمام ڈاکٹرز ، نرسز، پیرا میڈکس اور دیگر طبے عملے سے یکجہتی کا اظہار کررتے ہوئے کہا کہ حکومت فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے طبی عملے کے ساتھ ہے اور ان اس مشکل وقت میں ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے طبی عملے کو خصوصی پیکیج دینے پر کام کر رہی۔ درین اثناء وزیراعلی نے اپنے تعزیتی ایک بیان میں مرحوم ڈاکٹر جاوید کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے اللہ تعالی انہیں اس صدمے کو برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے ، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔