وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا اکبر ایوب نے پاکستان میں تعلیم کے میدان میں اپنی نوعیت کی پہلی آن لائن سروسز کی فراہمی کا آغاز خیبرپختونخوا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کے ویب سائٹ پر جمعہ کے روز کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم اکبر ایوب نے ریمارکس دئیے کہ ملکی سطح پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کا پہلا منفرد آن لائن ڈیجیٹل انقلابی قدم ہے۔ چئیرمین پشاور بورڈ قیصر عالم کی سرکردگی میں موجود حالات کے پیش نظر کورونا وباء کی ممکنہ پھیلاو کی تدارک اور طلباء کی آسانی کے لئے کم وقت میں جدید آن لائن سہولیات کا آغاز کیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر پر سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم، چئیرمین پشاور تعلیی بورڈ قیصر عالم اور سیکرٹری پشاور بورڈ بشیر یوسفزئی بھی موجود تھے۔ وزیر تعلیم نے آن لائن سروسز کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ طلباء سے گھر بیٹھے بورڈ کی بیشتر سروسز کی رسائی اب چند منٹوں کی رہ گئی ہے۔ اس کی بدولت اب طلباء و طالبات گھر بیٹھے بیشتر سہولیات سے مستفید ہوں گے۔ دیگر بورڈز میں بھی آن لائن سروسز کی فراہمی جلد از جلد ممکن بنائیں گے کیونکہ یہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ٹیکنالوجی کی بنیاد پر خدمات کی فراہمی ہو۔ پشاور بورڈ انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ جن انتھک محنت کی بدولت یہ کامیابی ایسی وقت حاصل کی گئی ہے جب کورونا وباء کی وجہ سے نظام زندگی کا پہیہ جام ہو چکا ہے اور پوری دنیا سماجی دوری پر ہے ایسے میں یہ احسن اقدام قابل تعریف ہے۔