وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت موجودہ صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے دیگر کئی اہم اقدامات کے علاوہ کورونا کے مشتبہ مریضوں کے لیے ٹیسٹنگ کی استعداد کار کو خاطر خواہ حد تک بڑھانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے اور اس مقصد کے صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پبلک ہیلتھ لیبارٹریوں کے قیام پر کام جاری ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن کے ہیڈکوارٹر سوات میں پبلک ہیلتھ لیبارٹری کا قیام اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جس نے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا ہے، اب علاقے کے عوام کو کورونا ٹیسٹنگ کی سہولت مقامی سطح پر میسر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی کم عرصے میں اس لیبارٹری کا قیام صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی اہم کامیابی ہے ، یہ لیبارٹری مستقبل میں کسی بھی قسم کی وباءپھیلنے کی صورت میں پورے ملاکنڈ ڈویژن کے لئے ٹیسٹنگ کی ضروریات کو پوری کرے گا۔ حکومت صوبے کے دیگر تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی اسی نوعیت کی لیبارٹریوں کے قیام پر کام کر رہی ہے اور بہت جلد تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں یہ لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی۔وہ جمعرات کے روز سوات کے ایک روزہ دورے کے موقع پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ صوبائی وزراءمحب اللہ خان اور امجد علی خان کے علاوہ سوات سے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اپنے دورے کا مقصد بتاتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں وہ صرف دفتر میں بیٹھ کر اجلاس منعقد کرنے کی بجائے تمام اضلاع میں جا کر وہاں کی صورتحال اور انتظامیہ کی طرف سے اقدامات اور تیاریوں کا خود جائزہ لے رہے ہیں، بحیثیت وزیراعلیٰ صوبے کے تمام علاقوں اور وہاں کے عوام کا خیال رکھنا ان کی ذمہ داری ہے اس لیے وہ اپنے آبائی علاقے کا دورہ کرنے سے پہلے صوبے کے دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کر چکے ہیں۔ سوات میں کورونا سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے اقدامات تب تک موثر ثابت نہیں ہو سکتے جب تک عوام تعاون نہ کرے۔ انہوں نے ایک دفعہ پھر شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے سلسلے میں انتظامیہ سے تعاون کریں اور خود کو گھروں تک محدود رکھیں۔
Home Chief Minister وزیراعلیٰ کا دورہ سوات،سیدو ہسپتال میں پبلک ہیلتھ لیبارٹری کا افتتاح، قرنطینہ...