خیبرپختونخوا کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبہ بھر میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق مختلف اُمور پر غور کیا گیا اور کئی ایک اہم فیصلے کئے گئے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اپنی ذاتی دُکانوں کے کرایوں میں معافی کا اعلان کرتے ہوئے کابینہ ممبران ، سیکرٹری صاحبان اور دیگر صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا کہ وہ بھی عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے اپنے کرایے داروں کیلئے کرایوں میں رعایتیں دیں تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں غریب طبقے کی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے دن رات کام کرنے پر چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری ریلیف اور محکمہ صحت کی پوری ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس جذبے سے صوبائی حکومت کی پوری ٹیم کام کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملے کے لئے حفاظتی اشیاءکی فراہمی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیرنے بتایا کہ عمومی لاک ڈاو¿ن میں 30اپریل تک توسیع کی گئی تاہم لوگوں کی معاشی اور معاشرتی تکالیف کو دیکھتے ہوئے روزگار کے مواقع اور عوام کی آسانی کے لئے بعض معاملات میں نرمی کی جائیگی۔ تعلیمی ادارے 31مئی تک بند رہیں گے، ہر قسم کی نجی تقریبات پر بھی تا حکم ثانی پابندی برقرار رہے گی ، تمام سرکاری تقریبات اور کھیلوں کی سرگرمیاں تا حکم ثانی بند رہےں گی، بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 31اپریل تک بند رہیں گی جبکہ اضلاع کے اندر کی ٹرانسپورٹ بھی کچھ ضروری استثناءکے ساتھ 30اپریل تک بند رہے گی ، یہ استثناءرکشوں، پرائیویٹ گاڑیوں اور مزدوروں کو لے جانے والی گاڑیوں کو حاصل ہوگا۔ مشیر اطلاعات نے بتایا کہ تعمیرات کی صنعت سے وابستہ کاروبار مثلاً ریت، اینٹ، فائبر گلاس، بلڈنگ سیفٹی آلات، سٹیل ، لکڑی، ٹائلز، واٹر سپلائی مٹیریل، سیمنٹ پائپ، ہارڈ وئیر ، بجلی کے سامان کی دکانیں وغیرہ مخصوص گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کی شرط پر کھلیں گی۔ اجمل وزیر نے مزید بتایا کہ کابینہ نے احساس پروگرام کے تحت نقد روپوں کی ادائیگی کرنے والے ریٹیلرز شاپس کو صوبائی حکومت کی جانب سے عائد 15فیصد ٹیکس میں چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ریٹیلرز پر عائد کردہ ٹیکس میں پہلے ہی سے چھوٹ دی گئی ہے ۔