وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت معاشرے کے کمزور طبقوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے، پہلے مرحلے میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت صوبے کے تقریبا 22 لاکھ مستحق خاندانوں میں بارہ ہزار روپے فی خاندان تقسیم کا عمل جاری ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ یہ امداد رقم غریب لوگوں کا حق ہے اور یہ حقداروں کوہی ملے گا، اس سارے عمل میں شفافیت کو ہر لحاظ یقینی بنایا جائے گا، کسی کو بھی کسی غریب کا حق مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا اور انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے گی جس کے لئے تمام ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو نقد رقوم کی تقسیم کے سارے عمل کی موَثر نگرانی کا خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاک ڈاوَن اور سماجی رابطوں کو کم کرنے کےلئے حکومتی اقدامات عوام کی تحفظ کے لئے اٹھائے جارہے ہیں عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں تاکہ اس وبا ء کے پھیلاؤ کو کم سے کم کیا جاسکے ۔ کورونا سے نمٹنے کے لئے طبی عملے، سول انتظامیہ، پولیس، آرمی اور دیگر متعلقہ اداروں کے کردار کو سراہتے ہو ئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس مشکل صورتحال سے نکلنے سب کو مل کر اجتماعی کوششیں کرنی ہونگی، حکومتی کوششیں تب تک موَثر ثابت نہیں ہو سکتیں جب تک عوام تعاون نہ کرے ۔ اب تک صوبے کے عوام نے انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کا مظاہرہ کیا ہے اور امید ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی تعاون کا یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔