خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات ، جنگلی حیات اور ماحولیات اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانا حکومت کا عزم ہے جس کے تحت ملک بھر میں دس ارب پودے اگائے جائیں گے جس پر 27ارب خرچ ہوں گے ، خیبر پختونخوا میں ایک ارب اٹھارہ کروڑ پودے لگائے گئے ہیں جبکہ ضم شدہ علاقوں سمیت ایک ارب مزید پودے اگائے جائیں گے اور اس مہم میں ضم شدہ علاقوں کے لئے 09ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹمبر مافیا اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہو ں نے کہا کہ قبائلی عوام نڈر ، بیباک اور غیرت مند ہیں موجودہ حکومت ان کی سیاسی اور سماجی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے لہذا وہ آگے بڑھیں اور آئندہ نسلوں کی بقاء کے لئے جاری شجرکاری مہم حکومت کا بھر پور ساتھ دیں تاکہ حکومت مطلوبہ اہداف کو حاصل کر سکے ۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے ا توار کے روز ضلع خیبر شاہ کس میں ’’پلانٹ فار پاکستان ڈے‘‘ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینیٹر تاج محمد خان ، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سلیم خان ، پی ٹی آئی ورکرز ، قبائلی عمائدین ، سیکرٹری فارسٹ شاہد اﷲ اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک ویژنری لیڈر ہے اور وہ پاکستان کو صاف ، سرسبز و شاداب اور ترقیافتہ ممالک کے برابر لانے میں مخلص ہے اور اس کے لئے اپنا موثر کردار ادا کر رہے ہیں جس کا اعتراف بین الاقوامی سطح پر کیا جا رہا ہے ۔ اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ ماضی نام نہاد اور عوام دوست حکومتیں ٹمبر مافیا سے مل کر جنگلات کا غیر قانونی کٹائی کرتی رہی ہے جس سے جنگلات اور ماحولیات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ، گلیشئر بے وقت پگل رہے ہیں جور خطرناک سیلابوں کا سبب رہے ہیں تاہم صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نہ صرف ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائی کررہی ہے بلکہ ملک میں جنگلات کو فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات بھی اٹھا رہی ہے جس سے جنگلات میں 6.3فی صد اضافہ ہوا ہے جبکہ جنگلی حیات اور نقل مکانی کرنے والے پرندوں کو تحفظ مل رہا ہے ۔ صوبائی وزیر جنگلات اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور دیگر مقررین نے لوگوں خصوصاً قبائلی عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ بڑھیں اور حکومت وقت کے شانہ بشانہ ’’ پلانٹ فار پاکستان ڈے ‘‘ میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ سرسبز اور شاداب پاکستان کے خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکے ۔ قبل ازیں وزیر جنگلات اور چیف سیکرٹری سلیم خان اور دیگر سرکاری افسران اور مقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کر پودے لگائیں ۔