وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے خود کو گھروں تک محدود کرنے اور سماجی رابطوں کو کم کرنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ اگر سب لوگ آج سے پندرہ دنوں کے لئےخود کو گھروں تک محدود رکھیں تو انشاءاللہ ہم کورونا کی اس وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
یہاں سے جاری ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ حکومت کو موجودہ صورتحال میں معاشرے کے ہر طبقے، ہر فرد اور ہر خاندان کی مشکلات کا بھر پور احساس ہے اور تمام لوگوں کی روزمرہ ضروریات کا ہر لحاظ سے خیال رکھا جائے گا، عوام کو پریشان ہونے کی بالکل بھی ضرورت نہیں، صوبائی حکومت اس مشکل وقت میں اپنے عوام کی ساتھ کھڑی ہے، لوگوں کو روزمرہ ضروریات کی اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر ضروری انتطامات کر لئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں تمام اضلاع کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو پوری طرح متحرک کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلی نے مذید کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے درپیش مشکلات کے پیش نظر مزدور، دیہاڑی دار اور دیگر کمزور طبقوں سمیت کاروباری طبقے کے لئے مجموعی طور پر 32 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی ہے اور ضرورت پڑنے پر حکومت اپنی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے فنڈز بھی عوام پر خرچ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے صوبائی حکومت اور انتظامیہ کے بروقت اقدامات کے حوصلہ افزاء تنائج سامنے آئے ہیں اور صوبےکے مجموعی حالات قابو میں ہیں لیکن حکومت کسی بھی متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے پور طرح تیار ہے۔
انہوں نے ایک دفعہ پھر شہریوں سے اپیل کی وہ اس مشکل صورتحال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور حکومتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے خود کو گھروں تک محدود رکھیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں انشاءاللہ ہم سب مل کر اس وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔