پختونخوا ریڈیو سوات ایف ایم 98 سے سپیشل نشریات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز کے پروگرام میں ڈاکٹر وسیم اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے ڈرنا نہیں بلکہ اس سے لڑنا ہے اور اس سے محفوظ رہنے کا واحد حل احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے میں پوشیدہ ہے، لوگ ایک دوسرے سے ملنے جلنے کی بجائے صرف دو ہفتے کے لئے اپنی سرگرمیاں محدود کرکے اپنے آپ اور اپنے اہل خانہ کو محفوظ بنائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لائیو پروگرام ”ریڈیو کلینک“ میں میزبان فضل خالق خان، عصمت علی اخون، شائستہ حکیم، وقار احمد سواتی اور جنید ابراہیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے جن احتیاطی تدابیر کی ہدایات جاری کئے گئے ہیں ان پر پورا پورا عمل کیا جائے، انہوں نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ رکھیں اور انہیں گھروں تک محدود رکھتے ہوئے باہر گلیوں اور گراؤنڈز میں کھیلنے کودنے سے منع کریں تاکہ وہ اس موذی وباء سے محفوظ رہ سکیں لائیو پروگرام میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے صحت سے متعلق لوگوں کو درپیش مسائل پر مبنی سوالات کے جوابات بھی دئیے اور سامعین کو کرونا وائرس سمیت دیگر بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی تاکید کی۔