مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیرانتظام پرائیویٹ سکولوں کے واؤچر سیل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے پرائیویٹ سکولوں کے واؤچرمسائل کے حل کیلئے ڈویژن سطح پر پانچ ممبران پرمشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کے یہ پانچ ممبران منیجنگ ڈائریکٹر ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ساتھ اپنے معاملات کے حل کیلئے لائحہ عمل مرتب کریں۔ وہ پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی کے ممبران فضل اللہ داودزئی، سید ا تکریم، حاجی عابد اورظفراقبال کی قیادت میں آئے ہوئے ایک وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان اور ایم ڈی ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن معتصم باللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے مزید کہاکہ ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو مزید فعال بنانے کیلئے ادارہ کی ری سٹرکچرنگ کی گئی ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ اگست کے مہینے کے آخر میں ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈشن کے بورڈ ممبرز کا اجلاس بلایاجائیگا جس میں یہ نئی بننے والی کمیٹی اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ انہو ں نے کہاکہ سکولوں کیساتھ کئے گئے ایگریمنٹس اور PC-I میں وضع کردہ قوائد وضوابط کو مد نظر رکھ کر مسائل کا حل تلاش کیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ سکولوں سے باہر طلباء کو تعلیم فراہم کرنے کی غرض سے محکمہ تعلیم نے امسال بھی واؤچرمنصوبہ رکھاہے اور ان مسائل کے فوری حل کے بعد نئے شروع کردہ منصوبے کو عمل میں لایاجائیگا۔ مشیر تعلیم نے محکمہ تعلیم کی طرف سے جاری اصلاحات کے حوالے سے کہاکہ صوبے کے تمام بچوں جن کی عمر 16 سال سے کم ہو کو ایک یونیورسل ٹریکنگ آئی ڈی دی جائیگی جس سے محکمہ تعلیم کو آسانی ہوگی کہ یہ بچہ کہاں تعلیم حاصل کررہاہے اور کس سکول میں پڑھ رہاہے نیز اس آئی ڈی کی بدولت سکولوں سے باہررہنے والے بچوں کی بھی شناخت ہوگی جن کیلئے محکمہ تعلیم نے امسال سیکنڈ شفٹ اور رینٹڈبلڈنگ کے ترجیحی پروگرامز شروع کررکھے ہیں۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ آپ کے مسائل کاحل ہماری اولین ترجیح ہے تاہم قوائد وضوابط کو مدنظر رکھ کر ہم نے مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کرناہوگا۔ وفد نے مشیرتعلیم کی خصوصی دلچسپی لینے اور مسائل کے حل کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر ان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔