پرنسپل سیکریٹری برائے وزیراعلی خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے جامعہ اسلامیہ فاروقیہ شاہ کس جمرود کے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اللہ تبارک و تعالی کا فضل ہے کہ اس مٹی پر اس جامعہ جیسا ادارہ قائم ہوا ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز جامعہ اسلامیہ فاروقیہ میں منعقدہ سالانہ تقریب انعامات سے بطور مہمان خصوصی باتیں کرتے ہوئے کہی۔
حکومتی وزراء، سرکاری افسران اور معززین علاقہ کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے لوگ ہر قسم کی تعلیم اور سہولیات کے لیے پشاور اور دوسرے علاقوں کا رخ کرتے ہیں جبکہ دینی تعلیم اور اصلاح نفس کے لیے ملک کے دور دراز علاقوں سے لوگ یہاں تشریف لاتے ہیں
انہوں نے کہا کہ حافظ فضل مالک صاحب اور ان کے رفقاء کی ایمان افروز فکر ونظر سے اس قبائلی علاقے میں روشنی کا ایک منفرد مینار قائم ہوا ہے جس سے ہر سال سینکڑوں بچے دین اور دنیا کا علم حاصل کرکے اپنے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اللہ سے دعا کی کہ دین کی اصل روح کو اجاگر کرنے والے ایسے ادارے ملک کے دوسرے علاقوں میں بھی قائم ہو تاکہ وہ ملک کی سلامتی کے لیے بھرپور کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بھی دعا کی۔
سابق ایم این اے حاجی شاہ جی گل نے اس موقع پر کہا کہ قبائلی علاقوں کا انضمام بھی جامعہ اسلامیہ فاروقیہ کے مہتمم حافظ فضل مالک صاحب کی بصیرت کا نتیجہ ہے۔
۔ ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر نورالایمان، ڈی جی پی ڈی اے ظفر علی شاہ اور سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن افضل خان, پیر سید فاروق شاہ صاحب، پیر سید عبداللہ شاہ صاحب نے بھی اس موقع پر تقریب سے خطاب کیا۔