وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے جمعہ کے روز وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو کورونا وائرس سے لاحق خطرات کا ادراک ہے اور اس بارے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ کورونا وائرس بارے بلائے گئے کابینہ کے خصوصی اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے مشیر اطلاعات اور وزیر صحت نے میڈیا کو بتایا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے بشمول سکولز، کالجز، یونیورسٹیز، ٹیوشنز سنٹرز15دن کیلئے بند کر دئیے ہیں اور ہاسٹلز فوری خالی کرائے جائیں گے۔تمام امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں جبکہ قیدیوں سے ملاقات پر پابندی کیلئے تمام جیل سیل کر دیئے جائیں گے۔مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے بتایا کہ پچاس یا اس سے زائدکے عوامی اجتماعات ختم کر دی گئی ہیں اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ محمود خان نے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے اپنے حلقے میں پہلے سے طے شدہ سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ٹوارازم پر موجودہ حکومت کا فوکس ہے تاہم موجودہ صورتحال کے تناظر میں ڈیرہ جات فیسٹول جس کیلئے تمام تیاری کی گئی تھی بھی ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ شادی ہالوں میں شادی کی تقریبات پر پابندی زیر غور ہے جس کیلئے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شادی ہالوں یا گھروں میں شادی تقریبات میں کم سے کم شرکت کریں اور مذہبی اجتماعات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، مذہبی کابرین کو صورتحال کی نزاکت سے آگاہ کرے گی اور ان کا تعاون حاصل کرے گی۔