قبائلی اضلاع کے لیویز و خاصہ داروں کی پولیس میں انضمام سے متلعق سنٹرل پولیس لائن میں مشیر اطلاعات و ضم شدہ اضلاع اجمل خان وزیر کی صدارت میں اعلٰی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈکوارٹر ڈاکٹر اشتیاق مروت، ڈی آئی جی سپیشل برانچ اخترحیات گنڈاپور، ڈی آئی جی بنوں عبدالغفور افریدی اور ڈی آئی جی ہیدارٹر محمد کریم خان اور لیویز و خاصہ دار فورسز کے سینئیر اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلٰی کے مشیر برائے اطلاعات و ضم شدہ اضلاع اجمل خان وزیر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں لیویز و خاصہ دار فورس کے تحفظات کو سنا گیا جبکہ وزیراعلٰی محمود خان کی ہدایات کی روشنی میں لیویز اور خاصہ فورس کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہاہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے فورس کو پولیس کے برابر لانے کیلئے ان کے استعداد کار کو بڑھایا جارہا ہے۔
مشیراطلاعات کے مطابق وزیراعلٰی محمود خان لیویز و خاصہ دار فورس کے مسائل کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں اور اس مد میں تقریبا انتیس ہزار لیویز و خاصہ داروں کے مستقبل کو تاریکی سے بچانے کیلئے باقاعدہ قانون سازی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی بے روزگار نہیں کیا جارہا بلکہ قبائلی اضلاع میں روزگار کے نئے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔
مشیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ وزیراعلٰی محمود خان نے لیویز و خاصہ دار فورس کے بیشتر مسائل حل کردیے ہیں جبکہ باقی ماندہ مسائل بھی جلد سے جلد حل کردئے جائینگے۔