مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کا حقیقی تصور اجاگر کرنے اور وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست کے طور پر پیش کرنے کے لیے پاکستان ٹیلی وژن کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی وی محمد ارشد خان اور ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظورسے ملاقات کرتے ہوئے اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا بدعنوانی کے خلاف جہاد، شفافیت، میرٹ، انصاف، قانون کی بالادستی اور وسیلہ و احساس پروگرام کے تحت ضرورت مند افراد کی کفالت ریاست مدینہ کی جانب عملی قدم ہے۔ حکومتی بیانئے کی موثر ترویج کے لئے پی ٹی وی کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے تاکہ پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت تصور نمایاں ہو۔ پی ٹی وی ہیڈکوارٹراسلام کے دورے کے موقع پرانہوں نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ 16 سال سے میڈیا نے نہ صرف ترقی کی ہے بلکہ نجی ٹی وی چینلز نے مقابلے کی فضاء پیدا کی ہے۔ پی ٹی وی کے پاس موجود الات اور افرادی قوت کو نئے تقاضوں کے مطابق چلانے کے لئے انتظامی ڈسپلن ناگزیر ہے۔ چئیر مین پی ٹی وی محمد ارشد خان نے مشیر اطلاعات آجمل وزیر کے موقف اور تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ عوامی آگاہی جیسے مہمات اور حکومت اور عوام کے درمیان خلا کو پُر کرنے میں پی ٹی وی کا کلیدی کردار رہا ہے۔ مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور کو پشاور سنٹر کی فعالی اور تکنیکی معاونت بڑھانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیلی وژن پختونخوا کے عوام کی ترجمانی میں اپنا کردار ادا کرے۔ مشیر اطلاعات نے یقین دلایا کہ صوبائی سطح پر پاکستان ٹیلی وژن کو مظبوط اور فعال بنانے کیلئے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کے لئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں جبکہ انضمام کے بعد قبائلی علاقوں میں ترقیاتی عمل تیز کردیا ہے۔