مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے پختونخوا ریڈیو کی خصوصی نشریات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریڈیو آج بھی مواصلات اور معلومات عامہ کی فراہمی کا موثر اور سستاترین زریعہ ہے۔ پختونخوا ریڈیو کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریڈیو ضم شدہ اضلاع میں معلومات کی فراہمی اور مفاد عامہ کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات بارے عوامی آگاہی کا موثرترین آلہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ رواں ماہ ضلع باجوڑ میں پختونخوا ریڈیو کی نشریات کا آغاز کرکے مقامی لوگوں کے آواز کو نمائندگی دی جائیگی۔
پختونخوا ریڈیو کی خصوصی نشریات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران مشیر اطلاعات نے سامعین کے لائیو کال لئے اور عوام کے پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دیے ۔ پروگرام کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے وزیراعلٰی محمود خان کے کمپلینٹ سیل کا خصوصی ذکرکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلٰی عوامی رابطے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور ان کی ہدایت پر پختونخوا ریڈیو سے بہت جلد منسٹر آن لائن پروگرام کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا جس میں ہر محکمے کا وزیر اپنے محکمے سے متعلق عوامی رائے و شکایات سنے گا۔ مشیر اطلاعات اجمل خان وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ پختونخوا ریڈیو نیٹ ورک کو وزیراعلٰی محمود خان کے عوامی رابطہ مہم کیلئے بھرپور انداز میں بروئے کار لایا جارہا ہے اور اس مد میں تقریبا تمام ضم شدہ قبائلی اضلاع میں پختونخوا ریڈیو نیٹ ورک کی نشریات کے آغاز کیلئے منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے۔
ریڈیو کی اہمیت بارے اظہار خیال کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں کمیونٹی براڈکاسٹنگ معلومات عامہ، سماجی و مذہبی ہم آہنگی کا موجب بنا ہے اور اسی طرز پر پختونخوا ریڈیو نیٹ ورک کو مرحلہ وار صوبے کے تمام اضلاع تک توسیع دی جائے گی جس سے نہ صرف حکومتی بیانئے کو تقویت ملے گی بلکہ حکومت اور عوام کے درمیان پیدا ہونے والی خلا کو بھی پُر کیا جائے گا۔
مشیر اطلاعات اجمل خان وزیر نے موجودہ حالات میں ریڈیو کی اہمیت کو ناگزیرگردانتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری عطاالرحمٰن اور ڈی جی امداداللہ کو ہدایات جاری کیں کہ ضلع باجوڑ، مہمند، شمالی و جنوبی وزیرستان اور کرم میں پختونخوا ریڈیو کی نشریات کو جلد سے جلد فعال کریں