خیبرپختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر نے قیوم سٹیڈیم پشاور میں جاری انڈر21 گیمزکے دورہ کے موقع پرکہا ہے کہ وفاقی وصوبائی حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور امید رکھتے ہیں کہ نوجوان کھلاڑی نہ صرف صوبے کا بلکہ پاکستان کا نام کھیلوں کے میدان میں بین الاقوامی سطح پر روشن کریں گے۔ اس موقع پرملک شاہ محمد وزیر نے بنوں ڈویژن کے والی بال اور کبڈی کھلاڑیوں کونقد انعامات بھی دیے اور کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کئے وزیر ٹرانسپورٹ کبڈی اور باکسنگ کے مقابلوں سے لطف اندوز ہوئے اور پوزیشن ہولڈرز میں تمغے اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں کی طرح کھیلوں کے میدان میں بھی ہمارے نوجوان کسی سے کم نہیں ہیں – یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کو کھیل کے بھرپور مواقع فراہم کررہے ہیں اور کھیلوں کے فروغ پر خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے۔ ہمارا صوبہ کھیلوں کے حوالے سے بہت زرخیز ہے صوبے کے کئی نامور کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں صوبے اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ بدقسمتی سے پہلے کھیلوں کے شعبوں پر کسی نے کوئی توجہ نہیں دی تھی مگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے اور اس سلسلے میں کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں صوبے کے باصلاحیت کھلاڑیوں کے لئے ماہانہ اعزازیہ پروگرام سمیت بین الاقوامی سطح پر مقابلوں کے لئے منتخب کھلاڑیوں کو سپانسر کرنا شامل ہے وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو کھیل جیسے صحت مند عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئیے، کیونکہ صحت مند نوجوان مضبوط قوم کی ضمانت ہے- انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے- خیبرپختونخوا کے کئی نوجوانوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ کھیلوں کے ذریعے ہم نوجوان نسل کو معاشرتی برائیوں سے بچا سکتے ہیں۔