خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک قلندرخان لودھی کی زیر صدارت صوبائی خوراک کمیٹی کا اجلاس منگل کے روز ان کے دفتر سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری خوراک نثار احمد، ڈائریکٹر خوراک زبیر احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر جلیل خان کے علاوہ محکمہ ہائے قانون اور خزانہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے گندم کی خریداری کا مقرر کردہ ہدف حاصل کرنے کے لیے محکمہ خوراک کا لائحہ عمل، خریداری کی پالیسی اور طریقہ کار پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اس موقع پر وزیر خوراک نے محکمہ کے حکام کو رواں سال معیاری گندم خریدنے اور خریداری کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کی ہدایت کی۔وزیر خوراک قلندرخان لودھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بھر پور کوشش ہے کہ خریداری کے عمل میں بچت کو یقینی بنایا جائے تاکہ صوبائی خزانے پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔