وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے جمعہ کو ریگی ماڈل ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر معاون وزیراعلی نے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور عوامی مطالبہ پر سنٹرل پارک بھی گئے۔ جہاں پر سائٹ انجینیئر نے کامران بنگش کو جاری ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی بریفنگ دی جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر سید کمال نے سنٹرل پارک میں جاری جنگلہ فکسنگ، واک ٹریک، لان کی تیاری اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں آگاہ کیا۔معاون وزیراعلی کامران بنگش نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ریگی ماڈل ٹاؤن منصوبے کو محکمہ بلدیات تمام ممکنہ دستیاب وسائل سے ترقی دینے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ 263 کنال پر محیط سنٹرل پارک میں ترقیاتی کام مزید تیز کئے جائیں۔ جبکہ لائٹنگ کا کام بھی آئندہ ہفتے سے شروع کیا جائے۔ معاون خصوصی نے سنٹرل پارک کا نام تبدیل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی کام مکمل ہو تو سنٹرل پارک کی بجائے کوئی معقول سا نام تجویز کیا جائے۔ گرین بلٹ پر ایسے پودے لگائے جائیں جو موسم اور علاقائی خوبصورتی کے لیے موزوں ہو۔ معاون خصوصی برائے بلدیات نے پارک میں فیملیز ایریا بنانے بارے کہا کہ پارک میں فیملیز کے لیے خصوصی طور پر جگہ مختص کی جائے جبکہ ریفریشمنٹ اور بچوں کے لئے کھیل کود کی جگہ بنانے کے لئے بھی حکمت عملی بنائی جائے۔متعلقہ حکام نے معاون خصوصی کو میعاد بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ دو مہینوں میں ترقیاتی کام مکمل ہو جائیں گے جس میں 1.5 کلومیٹر واک ٹریک اور بین الاقوامی معیار کی برڈ اینڈ ایوری پلانٹ بھی شامل ہے۔