خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے بدھ کے روز ملازئی ہاوسنگ سکیم پشاور کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے 290 کنال اراضی پر محیط ہاوسنگ سکیم کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر امجد علی نے ہاوسنگ سکیم میں صفائی کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور ڈیوٹی سے غیر حاضر اہلکاروں کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے 7 افراد کے خلاف محکمانہ کاروائی شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حکام کو ہاوسنگ سکیم کی تزئن وارئش و خوبصورتی کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیر ہاوسنگ کو بتایا گیا کہ ہاوسنگ سکیم کے لئے بجلی اور گیس کے کنکشنز پہلے سے فراہم کئے گئے ہیں، جبکہ بہت جلد یہاں پر گھروں کی تعمیر کا سلسلہ شروع ہو جائیگا۔ صوبائی وزیر نے ہاوسنگ سکیم کے بعض حصوں میں غیر معیاری میٹریل کے استعمال پر ٹھیکیدار کے خلاف کاروائی کرنے اور بلیک لسٹ قرار دینے کے احکامات بھی جاری کئے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ وہ کام کے سلسلے میں کسی کی غفلت برداشت نہیں کرینگے۔ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کریگی اور وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبہ میں کم آمدن رکھنے والے طبقے کو چھت کی سہولت فراہم کی جائیگی۔