مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ صوبائی سطح پر سائنسدانوں کو سہولیات کی فراہمی ان کے ریسرچ ورک اور پراڈکٹس کو ملک کی انڈسٹری کیساتھ لنک کرنے کی غرض سے سائنٹسٹ فورم کا آغاز کررہے ہیں۔ جس میں پورے صوبے کے تمام سائنسدانوں، انجینئرز اور ڈویلپرز کا ڈیٹا اکٹھا کرکے ان کو فورم بنایاجائیگا جہاں پر وہ انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق کام کریں گے جبکہ محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ان کو فنڈ بشمول تمام سہولیات فراہم کرے گی۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے نوجوان سائنسدان جمال بخاری اوردیگرانجینئرز کیساتھ بات چیت میں کیا، ڈائریکٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی خالدخان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جمال بخاری کی نابیناافراد کیلئے بنائے گئے ڈیوائس (زماسترگہ) کے متعلق انہوں نے مشیر ضیاء اللہ خان بنگش کو بریفنگ دی۔ خصوصی افراد کیلئے بنایاگیایہ ڈیوائس نوجوان سائنسدانوں نے صوبائی سائنس و ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ اور غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کی مدد سے بنایاہے۔ ڈیوائس کے ذریعے نابینا افراد کو چلنے پھرنے میں آسانی ہوگی جوکہ 3 فٹ کے فاصلے پر کسی بھی چیز کی موجودگی پر اطلاعاّ الارم دیتی ہے جبکہ ایپلی کیشن کی مدد سے بذریعہ موبائل وہ مختلف چیزوں کی شناخت بھی کرسکتی ہے۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے نوجوان سائنسدانوں کے اس عظیم ریسرچ کو سراہا اور ان کے پراڈکٹ کو مختلف انڈسٹریز کے ساتھ لنک کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہکاہ جتنے بھی ریسرچرز ہیں ان کو محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی کیساتھ اپنے پراڈکٹس اورریسرچ کے بارے میں معلومات فراہم کرنی چاہئیے ہم ان کو فورم مہیاکریں گے۔ مختلف کمپنیوں کیساتھ ان کے پراڈکٹس کو مارکیٹ کرنے کیلئے بات کی جائیگی جبکہ (R&D) کا خرچہ بھی حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے صوبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے ہم ان کو مواقع فراہم کررہے ہیں تاکہ ان کے ریسرچ سے عوام بھی مستفید سکیں اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوسکیں۔