وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے ہائیر ایجوکیشن میاں خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے فلاح اور بہبود کے لئے شبانہ روز کام کر رہی ہے۔ تحریک انصاف نے حکمرانی کی بجائے عوامی خدمت کو ترجیح بنایا ہوا ہے۔ نوشہرہ کے ہر گاؤں میں ترقیاتی کام زوروشور سے جاری ہے۔ نوشہرہ کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں تک سوئی گیس اور بجلی کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ سوئی گیس کی سہولت مذید علاقوں تک بڑھائی جارہی ہے۔ تعلیم عام کرنے کے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق محکمہ اعلی تعلیم میں اصلاحات لائی جارہی ہیں۔ کامرس ایجوکیش کا نصاب جدید تقاضوں کے ہم آہنگ بنانے کے لئے کمیٹی نے کام شروع کردیا ہے۔ آئندہ سال سے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے تمام تر شعبوں کو ڈیجیٹلائز کرنے کے پلان پر کام ہو رہا ہے۔ معذور افراد کے لئے تمام سرکاری کالجز میں داخلہ فیس معاف کردی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے دفتر میں حلقہ کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مشیر اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن نے کہا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم میں اصلاحات کا عمل جاری کردیا گیا ہے۔ تبادلوں کے لئے ایک مجوزہ طریقہ کار مرتب کیا جارہا ہے۔ سرکاری کالجز کا استعداد بڑھانے کے لئے کام ہو رہا ہے۔ کالجز میں سٹاف کی کمی کو دور کرانے کے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ تمام سرکاری کالجز کو ترقیاتی فنڈز ان کی کارکردگی سے مشروط کیا گیا ہے جس ادارے کی مجموعی کارکردگی بہترین ہوگی اس کو زیادہ فنڈز اور سہولیات دی جائیگی۔ کالجز میں سائنس لیبارٹریوں کو اپ گریڈ کیا جائیگا۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کی کارکردگی بڑھانے کے لئے سخت فیصلے ناگزیر ہو چکے ہیں۔ کالج اساتذہ کی ترقی کو کارکردگی سے مشروط کیا جائیگا۔ تبادلے مخصوص عرصے میں ہوں گے سیشن کے دوران کسی کو تبدیل نہیں کیا جائیگا۔ کالج اساتذہ کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع پلان تیار کیا جارہا ہے۔