خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر نے وزیر اعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے ایمرجنسی سروس 1122 کا افتتاح بھی کیا اور کہا کہ اب ضلع جنوبی وزیرستان کے عوام بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1122 کی سہولیات اور ابتدائی طبی امداد سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔ اس موقع پر ڈیڈک چیرمین نصیراللہ خان وزیر، ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان حمیداللہ خٹک اور اسسٹنٹ کمشنر وانا امیر نواز بھی موجود تھے۔ شاہ محمد وزیر نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع میں اب ترقی کا ایک نیا دور شروع ہونے والا ہے قبائلی عوام کی مشاورت سے وفاقی اور صوبائی حکومت ان اضلاع کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہیں دورے کے موقع پر صوبائی وزیر نے ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور مریضوں کو درپیش مسائل،سہولیات اور صحت انصاف کارڈکی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حمید اللہ خٹک نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمدکو یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ مشران نے صوبائی وزیر کو روایتی پگڑی پہنائی بعدازاں وزیر ٹرانسپورٹ نے وانا پریس کلب کا بھی دورہ کیا اور صحافیوں کو حکومت کی طرف سے جنوبی وزیرستان کی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔