صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان خان نے کہا ہے کہ ہمارےصوبے کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اور ہم جتنا اچھا اور بہتر نظام تعلیم دیں گے وہ اتنی ہی ترقی کے بلندیوں کو چھو سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم  ہر ادارے میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے تاکہ سفارش کے کلچر کا خاتمہ ہوسکے۔ اکبر ایوب خان نے کہا کہ ہم بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جس کے لیے ہم نے کئی ایک نئے منصوبے زیر غور لائے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرلز کیڈٹ کالج مردان میں یوم والدین و تقسیم اسناد کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی اساتذہ اور والدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل گرلز کیڈٹ کالج مردان  بریگیڈیئر جاوید سرور، ممبر صوبائی اسمبلی ظاہرشاہ طوری، چیئرمین مردان بورڈ، چیئرمین کوہاٹ بورڈ، اور دیگر معززین موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ایک منظم ادارہ ہے اور یہاں بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور یہاں پر ہمارے بچیوں کا مستقبل مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ اس طرح کے اداروں کو صوبے کے تمام بڑے شہروں میں بنایا جائے تاکہ بچوں کی تعلیم کی کمی پر قابو پایا جاسکے اور ان کے مستقبل کو سنوارا جاسکے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ صوبائی حکومت اس طرح کے اداروں کو سپورٹ کرنے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کا نیا زیر تعمیر بلڈنگ جلد از جلد بہترین کوالٹی اور معیار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیوں کو اس طرح کے بہترین کالج میں پڑھنے کےمواقع مل سکے۔ اکبر ایوب خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اس کالج کے سٹینڈر کو اس طرح برقرار رکھا جائے کیونکہ یہاں ہماری بچیوں کا مستقبل صحیح ہاتھوں میں ہے۔ صوبائی وزیر نے پرنسپل اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا اور انعام کے طور ان کے لیے ایک ایکسٹرا تنخواہ کا اعلان بھی کیا۔