گاڑی رجسٹریشن اور پراپرٹی تیکس کے عمل کو مزید سہل اور عام فہم بنایا جائے، اپنے صوبے کے وہیکل نمبرز کی ساکھ کی بحالی کیلئے میگا کمپین ترتیب دیکر صوبے کے اندر گاڑیوں کی رجسٹریشن کو فروغ دیا جائے، عوام کو سہولیات اور خدمات کی فراہمی کیلئے پالیسیوں سے ہٹ کر انقلابی اقدامات اٹھائے جائیں، یہ یداہات وزیراعلٰی کے معاون خصوصی برائے ایکسائز ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول غازی غزن جمال نے ایکسائز ڈائریکٹوریٹ میں متعلقہ افسران سے بریفنگ لیتے ہوئے جاری کیں۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن سید فیاض علی شاہ نے معاون خصوصی کو محکمہ کے دائرہ کار، کارکردگی اور جاری ریفارمز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ سید فیاض علی شاہ نے پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس ، موٹر رجسٹریشن ، ٹوکن ٹیکس، موٹر وہیکل اور ریئل اسٹیٹ ریگولیشن ، اسپرٹ ریگولیشن ، غیر قانونی اور چوری شدہ پکٹری گئی گاڑیوں وغیرہ پر معاقون خصوصی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ معاون خصوصی نے محکمہ ایکسائز کے دائرہ اختیار میں تمام امور کا ایک ایک کر کے جائزہ لیا اور تمام امور میں بہتری لانے پر تفصیلی بات چیت کی ۔ معاون خصوصی نے رجسٹریشن کے عمل کو سہل اور عام فہم بنانے پر ڈیپارٹمنٹ کی تعریف کی۔
وزیراعلٰی کے معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ ایکسائز بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے اور ایکسائز پولیس تھانوں کے قیام سے منشیات کے تدارک میں بہت حد تک کامیابی حاصل ہوگی، جو کہ منشیات سے پاک معاشرے کی جانب ایک اہم اور احسن اقدام ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایکسائز عوامی ادارہ ہے، عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیں اور ٹیکسوں کی پیمنٹ اور دیگر عوامل کو آٹو میٹ کرکے حکومت وقت کی ای گورننس کی پالیسی کو یقینی بنایا جائے۔ غزن جمال کا مزید کہنا تھا کہ منشیات سے نمٹنے کیلئے اپنی فورس اور نارکوٹکس ونگ کی استعداد کار مذید بہتر کرنے پر کام جاری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنا اور عوامی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات میں ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اپنے صوبے کے وہیکل نمبرز کی ساکھ کی بحالی کیلئے میگا کمپین ترتیب دیں لائحہ عمل طے کریں اور مروجہ پالیسے سے ہٹ کر عوام کو راغب کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائیں تاکہ ہماری عوام اپنے ہی صوبے میں گاڑیاں رجسٹر کریں۔