ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ایوننگ جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر زمین خان، ڈی ایچ او سوات ڈاکٹر اکرم شاہ، اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی عامر علی شاہ، ڈاکٹر انور جمال، ایریا کوآرڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر خواجہ عرفان، ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر لیاقت علی اور یونین کونسل میڈیکل آفیسرز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی اجلاس میں انسداد پولیو سے متعلق جاری مہم کا جائزہ لیا گیا جو کہ ملک کے دوسرے حصوں کی طرح سوات میں بھی 17 تا 21 جنوری 2020 جاری رہے گا اجلاس میں ضلع بھر میں پولیو مہم کے اہلکاروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات نے ہدایت کی کہ ضلع بھر کے پانچ سال کے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پہنچانا ہر حالت میں یقینی بنانا ہوگا اور اس سلسلے میں کسی بھی درپیش مسئلے کو ضلعی انتظامیہ بروقت حل کرے گی اس لئے کوئی بھی مسئلہ سامنے آنے پر ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر اطلاع دینی چاہئے تاکہ اس کا بروقت ازالہ کیا جائے۔