خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی سے برطانیہ کی نجی کمپنی کے وفد نے جمعرات کے روز پشاور میں ملاقات کی۔ وفد نے صٗوبائی وزیر کو سستے اور کم وقت میں تیار والے گھروں کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وفد نے خیبرپختونخوا کے ہاوسنگ سیکٹر میں انٹر لاکنگ بریکس کی جدید ٹیکنالوجی سے گھروں کی تعمیر میں سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی اور کہا کہ ان کے تیار کردہ گھر بارہ ریکٹر سکیل تک زلزلہ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھنے کے ساتھ نہایت ماحول دوست ہیں، جس سے توانائی کی بچت ہوگی۔ وفد کا کہنا تھا کہ وہ اس سے قبل دیگر ممالک میں بھی گھروں کی تعمیر کرچکے ہیں، مقامی طور پر تیار ہونے والے گھروں سے ان کے تیار کردہ گھروں پر تیس فیصد کم لاگت آئیگی۔ ان کا کہنا تھاکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صرف ایک مشین پر روزانہ 22 ہزار تک اینٹیں بنائی جاسکیں گی۔ کمپنی کے ٹیکنکل ایڈوائزر قیصر نواز کا کہنا تھا کہ وہ مقامی افراد کو نئے طرز پر بننے والے گھروں کے حوالے سے تربیت بھی فراہم کرسکتے ہیں۔ وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ صوبے میں ہاوسنگ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانا اب وقت کی ضرورت ہے اور صوبے میں ہاوسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے میں ہاوسنگ کے شعبے میں کئی ایک منصوبوں پر کام جاری ہے، دس ہزار کنال پر محیط جلوزئی ہاوسنگ سکیم پر ذیادہ تر تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے، جس کا اپریل میں افتتاح کیا جائیگا۔ اسی طرح 84 ہزار کنال پر محیط سی پیک سٹی نوشہرہ پر بھی جلد تعمیراتی کام کا آغاز ہوگا۔ اسی طرح ہنگو، حویلیاں سمیت دیگر اضلاع میں بھی ہاوسنگ سکیمز پر کام جاری ہے۔