خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر فوری اقدامات کیلئے پختونخوا حکومت کی عوامی رسائی مہم کے تحت ضلع خیبر کے تحصیل باڑہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر ریلیف و آباد کاری اقبال وزیر، وزیر اعلٰی کے مشیر برائے ایکسائر و فوکل پرسن برائے تیز تر ترقیاتی پروگرام غزن جمال، ایم پی اے شفیق آفریدی اور ڈپٹی کمشنر خیبر محمود اسلم وزیر نے شرکت کی۔ تقریب میں شرکت کیلئے باڑہ میں بسنے والے آٹھ قبیلوں کے مشران، تاجر برادری، اقلیتی نمائندوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر محمود اسلم وزیر نے عوامی رابطہ مہم کے آغاز میں ضلع خیبر کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی کے معاون خصوصی غزن جمال کا کہنا تھا کہ تحصیل باڑہ میں سترہ مائیکرو ہائیڈل پاور پروجیکٹ، گیارہ واٹر چینلز، چیک ڈیم اور تالابوں کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھیلوں کے فروغ، میدانوں کی بحالی، سیرو سیاحت، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں سپورٹس کملیکسز کی تعمیر اور روڈ انفراسٹرکچر کی بحالی و تعمیر کیلئے بھی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ عوامی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ضلع خیبر میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کروڑوں روپے کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں اور تعلیمی ڈھانچے کو مظبوط بنانے کیلئے نئے تعلیمی ادارے تعمیر کئے جارہے ہیں جبکہ خواتین میں خواندگی کی شرح بڑھانے کیلئے تعلیمی وضائف کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث قبائلی اضلاع محرومیوں کا شکار رہے اور اپنے حقوق سے محروم رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں قبائلی اضلاع کے نام پر اربوں ڈالرز کے فنڈز ملے تاہم وہ فنڈز ان اضلاع کی فلاح و بہبود پر صرف نہ ہوسکی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انضمام کے بعد قبائلی اضلاع میں ترقی کا نیا دور شروع ہوچکا ہے اور مناسب پلاننگ کے بعد مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز کا اجرا اور ان پر کام شروع ہوچکا ہے۔