ہفتہ کے روزکھیلے گئے مالم جبہ اسکی مقابلوں میں پاکستانی اسکئیر خوشیم صاحبہ نے لگاتار چوتھا سونے کا تمغہ جیت لیا۔ چوتھے چیف آف دی ائیر اسٹاف قراقرم انٹرنیشنل الپائن اسکی کپ کی سلالم کیٹیگری میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد انہوں نے تیسرے مالم جبہ انٹرنیشنل الپائن اسکی کپ کی سلالم کیٹیگری میں بھی طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔ ان کی ہم وطن عمامہ ولی نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ افغانستان کی ناظمہ خیر زاد کانسی کا تمغہ حاصل کر سکیں۔ مردوں کی اس کیٹیگری میں یوکرائن کے اسکئیرز ویٹالے ایب نے ناقابلِ تسخیر رہتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی اور سونے کاتمغہ جیتا۔نلتر سے تعلق رکھنے والے مایہ نازا سکئیر محمد کریم نے عمدہ کھیل پیش کیا اور چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا جبکہ یوکرائن کھلاڑی نازے ریٹے پیٹرک نے تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے کانسی کا تمہ جیتا۔ دنیا بھر سے36 انٹرنیشنل اسکئیرز نے اس چیمپئین شپ میں حصہ لیا۔ ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان، پاک فضائیہ کے تعاون سے ملک میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لئےکوشاں ہے۔ ان مقابلوں کے انعقاد سے نہ صرف ملک میں سرمائی کھیلوں کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔