وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بہترین سیاحتی مقام کا درجہ حاصل ہونا وزیراعظم عمران خان کے انتھک محنت اور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے محکمہ کھیل ، سیاحت و ثقافت کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ حقائق پر مبنی عملی کام پر توجہ مرکوزکرےں،جبکہ سیاحت کے فروغ کیلئے مختص شدہ فنڈز کو ہنگامی بنیادوں پر بروئے کار لایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ اگلے پی ایس ایل کیلئے ارباب نیاز سٹیڈیم کی تکمیل یقینی بنائےں، جبکہ صوبے میں سپورٹس پالیسی پر فوری کام شروع کرنے کیلئے اقدامات بھی اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں عالمی معیار کے سیاحتی مقامات کی نشاندہی جلدازجلد کی جائے جس سے بین الاقوامی سیاحت کو فروغ ملے گا اور صوبائی محاصل میں خاطرخواہ اضافہ بھی ممکن ہو سکے گا۔ صوبے میں سیاحت کے حوالے سے تمام منظور شدہ سکیموں پر فوراً کام شروع کرنے جبکہ نامنظور سکیموں کو منظوری کیلئے متعلقہ فورم سے منظور کرانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے خیبر پختونخوا نٹیگریٹڈ ٹوارزم انٹر پرائز پراجیکٹ (کائٹ )کو ٹوارزم اتھارٹی کے ماتحت لانے کی منظوری بھی دی جبکہ انڈر 21گیمز ، نیشنل یوتھ کارنیول اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کوفوری طور پر شروع کرنے اور جوان مرکز کو فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں صوبے بھر میں لوک میلے اور جشن بہاراں منعقد کرنے جبکہ نوجوانوں کے لئے کھیل اور غیر نصابی سرگرمیوں کو فوری طور پر شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے موسم سرما کے لئے جنوبی اضلاع میں سیاحتی سرگرمیوں اور مقامات کی نشاندہی کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ وزیراعظم عمران خان صوبے میں سیاحت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیںاور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔