کے پی فوڈ اتھارٹی نے عوامی شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے پبی کے علاقے امانکوٹ میں گھر کے اندر واقع گودام پر چھاپہ مارا۔ جہاں فوڈ اتھارٹی کے ڈولفن سکواڈ نے زائدالمیعاد اشیا کی بڑی کھیپ پکڑ لی جس پر ایکسپائری تبدیل کی جارہی تھی۔ ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی سہیل خان نے یہاں سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش پر ایکسپائری تبدیل کرنے والے قوم کے دشمن ہیں اور ان سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔ کے پی میں ایکسپائری تبدیل کرنے والوں کے دن ختم ہوگئے ہیں اور اس گروپ کا سرغنہ پہلے ہی گرفتار ہوچکا ہے ان کا مزید کہنا ہے کہ صوبے کے کونے کونے میں اتھارٹی کی رٹ قائم کردی ہے۔ ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت وزیر نے آپریشنز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انفارمر کے مطابق مال بنوں سے ایکسپائری چینج کرنے کیلئے پبی لایا گیا تھا۔ ان کا مزید کهنا تھا کہ کاروائی کے دوران پندرہ ہزار لیٹر زائدالمیعاد مشروبات ضبط کر لی گئیں۔ عظمت وزیر نے یہ بھی بتایا کہ تین افراد کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گھروں کے اندر واقع گوداموں اور اشیایے خوردونوش کے فیکٹریز کی چیکنگ کیلئے ان کی سربراہی میں خواتین افسران پر مشتمل ڈولفن سکواڈ ہمہ وقت چوکنہ رہتے ہیں اور کوئی بھی اطلاع ملنے پر گھنٹے کے اندر اندر ٹیمیں نشاندہی والے علاقے میں پہنچ جاتی ہیں۔