چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ داخلہ و قبائلی امور میں جیل کے قیدیوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ماحول دوست/کپڑوں کے تھیلے بنانے کے پروگرام کے حوالے سے اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا۔ کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت سیکرٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور اکرام اللہ خان ہوا جس میں سیکرٹری قانون ، سماجی بہبود ، محکمہ صنعت اور آئی جی جیل خانہ جات نے شرکت کی۔  اکرام اللہ نے فورم کو آگاہ کیا کہ حکومت کے اس اقدام کے دو مقاصد ہیں جس میں پہلا یہ کہ ماحول دوست شاپنگ بیگز کو متعارف کرانا اور دوسرا جیل کے قیدیوں کو فنی مہارت دیکر انہیں معاشرے کا مفید ممبر بنانا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں جیل میں  تیار کردہ کپڑے کے شاپنگ بیگز آنے والے سیاحتی سیزن کے دوران مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویڑن میں متعارف کرائے جائیں گے تاکہ ان علاقوں میں سیاحت کے فروغ کی حکومتی پالیسی کو تقویت دی جا سکے۔  سیکرٹری داخلہ نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ تیار کی جارہی ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے اجلاس کو بتایا کہ جیل  میں تیارکردہ ماحول دوست بیگز سے حاصل ہونے والے منافع کا 10% پالیسی کے مطابق قیدیوں کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا۔