وزیراعلیٰ نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے شعبہ حادثات سمیت او پی ڈی، آئی سی یو اور دیگر مختلف شعبوں اور وارڈز کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے نو تعمیر شدہ میڈیکل الائیڈ بلاک کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں دستیاب سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ الائیڈ بلاک میں 200بیڈز کی گنجائش موجود ہے ۔ سو میڈیکل آفیسرز اور نرسز بھی بلاک میں تعینات ہے ، تمام طبی سپیشلسٹس اور ڈاکٹرز بھی موجود ہےں ، اب سرجری بھی سینئر ڈاکٹرز کے ذریعے کی جاتی ہے۔ کنسلٹنٹس فون کال پر دستیاب ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر مریضوں سے بھی ملاقات کی اور اُن سے ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کے ساتھ آئے ہوئے ان کے رشتہ داروں سے بھی ملاقات کی اور علاج معالجے سے متعلق اُن کے مسائل سنے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہسپتال کے انتظامی حکام اور طبی عملے کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ صحت کا شعبہ براہ راست بیمار اور دُکھی انسانیت سے وابستہ ہے ، اس لئے عوام کو روٹین میں بھی معیاری طبی سہولیات فراہم ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقتاً فوقتاً عوامی مقامات اور عوامی سہولیات کے مراکز کا دورہ کریں گے ۔ عوام نے ہمیں دوسری مرتبہ حکمرانی کے لئے منتخب کیا ہے ، کسی صورت ان کو مایوس نہیں کرےں گے۔ انہوںنے کہاکہ ایل آر ایچ ایک بڑا ہسپتال ہے اور صوبے کے دیگر علاقوں سے غریب اور مفلس لوگ یہاں آتے ہیں ، اسلئے اُنہیں یہاں پر بہترین طبی سہولیات فراہم ہونی چاہئیں۔ انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی رہی ہے اور غریب عوام کو بہتر طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کیلئے وافر وسائل فراہم کئے گئے ہیں ، جن کے نتائج نظر آنے چاہئیں اور عوام کی توقعات کے مطابق طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ محمود خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کو غریب عوام کے مسائل کا بخوبی احساس ہے یہی وجہ ہے کہ صحت سہولت پروگرام کو صوبے کے سو فیصد خاندانوں تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ توسیعی پروگرام کے تحت صوبے کے تمام خاندانوں کے علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کا جلد اجراءیقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات پہلے سے جاری کی جا چکی ہے اور بہت جلد عوام اس سہولت سے استفاد ہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اصل مقصد شعبہ صحت میں عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا اور اُنہیں آسان طریقے سے معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ اس موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے صحت سہولت کارڈ کی فراہمی پر مریضوں نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی وجہ سے علاج معالجہ ممکن ہوا ہے ، جو بلاشبہ ایک غریب دوست اقدام ہے ۔