وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین اور صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا بھی موجودتھے۔ اس موقع پر صوبے بشمول قبائلی اضلاع کی ترقی اور وفاقی حکومت کی طرف سے صوبے کے لئے مزید تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے صوبائی حکومت کی طرف سے کھلا بٹ ٹاون شپ ہری پور میں سڑکوں کی تعمیر نو کیلئے 13کروڑ روپے ، جبکہ کانگڑہ کالونی ہری پورمیں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے لئے سات کروڑ روپے کے فنڈز کے اجراءپر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے ان تمام خستہ حال روڈز کی تعمیر نو کےلئے چند مہینے پہلے مطالبہ کیا تھا ۔ مذکورہ سڑکوں کی تعمیر نو سے تربیلہ ڈیم کے متاثرین کو ریلیف ملے گا ، جبکہ فنڈ کے اجراءسے وزیراعلیٰ نے متاثرین تربیلہ ڈیم کے دل جیت لئے ہےں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پورے صوبے میں انفراسٹرکچر کی بحالی پر کام کررہی ہے، جہاں پر فوری ضرورت ہوگی ،وہاں ترجیحی بنیادوں پر عوام کو سہولت دیں گے۔ وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ کو ضلع ہری پور کی ترقی کے لئے مزید منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تحریک انصاف کی وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر ملک اور صوبے کی ترقی کے لئے جدوجہد جاری رکھےں گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ہری پور کی دیر پا ترقی کے لئے مزید پروجیکٹس کی تکمیل ممکن بنائی جائیگی۔