مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمودخان کی ہدایت کے مطابق سال 2020 پورے صوبے میں بطور ڈیجیٹل سال منایاجائیگا جس کیلئے پالیسیوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ ڈیجیٹل 2020 کے مطابق پورے صوبے کے تمام محکموں کو ڈیجیٹلائزڈ کردیاجائیگا جس سے دفتری امور میں تیزی آنے کے ساتھ ساتھ تمام کام پیپرلیس ہوجائیگا اور عوام کو بروقت بہترین سہولیات میسرہوگی۔ اسی طرح آئی ٹی اور سائنس کے شعبے میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے جبکہ درشل اور ڈیجیٹل سٹی پشاور اور ہری پور کے قیام سے ہنرمندوں کو تربیت فراہم کئے جائیں گے۔
وہ ڈیجیٹل خیبرپختونخوا کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ سیکرٹری سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ظفرعلی، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈائریکٹر شہباز خان، ڈائریکٹرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد خان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر لینڈریکارڈ کمپیوٹرائزیشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے حکام کو سائنس اور آئی ٹی میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور سال 2020 کیلئے نئے منصوبے شروع کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہاکہ جاری منصوبوں پرماہانہ اجلاس ہو گا اور پراگریس میں تیزی لانی ہوگی جبکہ قبائلی اضلاع میں درشل سنٹرز کے قیام کیساتھ ساتھ ہری پور، کوہاٹ اور چترال میں بھی درشل سنٹرز قائم کئے جائیں گے اور پشاور و ہری پور کو ٹیکنالوجی سٹی کا درجہ دے کر کاروباری اشخاص کو سہولیات جبکہ نوجوانوں کو سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔