وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قبائلی ضلع خیبرمیں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے تحصیل باڑہ سے مستک روڈ براستہ شین کمر 43کلومیٹر سڑک کی تعمیر نو کا افتتاح کیا ہے۔ منصوبہ 1.6ارب روپے کی لاگت سے دو سالوں میں مکمل کیا جائیگا، جس سے سفر کا دورانیہ چار گھنٹوں سے کم ہو کر دو گھنٹوں تک ہو جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے ضلع خیبر کے تحصیل باڑہ میں ایمرجنسی ریسکیو1122 کے عمارت پر تعمیراتی کام کا افتتاح کیا ہے ۔ منصوبے کی تخمینہ لاگت 45ملین روپے ہے ، جبکہ یہ منصوبہ اٹھارہ مہینوں میں مکمل کیا جائیگا۔ اسی طرح تحصیل جمرود میں بھی 14.172ملین روپے کی لاگت سے ریسکیو1122کے لئے بلڈنگ پر تعمیراتی کام کا افتتاح کیا ہے ، جس کی تکمیل دو سالوں میں ممکن بنائی جائیگی۔ اس دوران وزیراعلیٰ نے تحصیل باڑہ میں عوامی سہولت مرکزکے عمارت کا بھی افتتاح کر دیا ہے ، مرکز19.700ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے قبائلی ضلع خیبر کا مصروف ترین دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔دورے کے دوران ایم این اے اقبال آفریدی، ممبر صوبائی اسمبلی شفیق آفریدی، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، ڈپٹی کمشنر قبائلی ضلع خیبرو دیگر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ دورہ خیبر کے موقع پر وزیراعلیٰ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے معصوم بچے حاضر خان ولد فرہاد خان کیساتھ ملاقات کرکے ان کو نقد پچاس ہزار روپے بطور مالی امداد دیا ، اس کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ نے ڈی سی خیبر اور پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ کو مذکورہ بچے کے والدہ صاحبہ کا علاج، ماہانہ وظیفہ اور بچے کی تمام تر تعلیمی اخراجات صوبائی حکومت کی طرف سے برداشت کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل باڑہ میں باڑہ پریس کلب کے نو منتخب کابینہ سے حلف بھی لیا ۔