وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ضلع سوات کانجو ٹاﺅن شپ کی بنجر اراضی پر انجینئرنگ یونیورسٹی اورپیڈز ہسپتال کا قیام ممکن بنایا جائے گا۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ ویمن انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام کیلئے بھی اراضی کی نشاندہی جلد عمل میں لائی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں کی تکمیل اور اراضی کے مسئلے کے حل کیلئے مقامی لوگوں کے ساتھ مل بیٹھ کراور ان کی رضا مندی سے اراضی کے مسئلے کو مذاکرات سے حل کرنے کی ہدایت کی ہے اور دو ہفتوں کے اندر اندر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے متعلقہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو ان تین منصوبوں کی تکمیل کیلئے مذکورہ اراضی کی فراہمی کیلئے مقامی افراد سے مذاکرات اور اُن کی رضامندی حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ کہا ہے کہ ان تین پراجیکٹس کا افتتاح جولائی میں ممکن بنایا جائے گا۔ انجینئرنگ یونیورسٹی میں سپیشلائزاڈ شعبہ جات میں تعلیم دی جائے گی ۔ اُنہوںنے کہا کہ سوات ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے قانون سازی اوران تینوں منصوبوں کیلئے ماسٹر پلان یقینی بنایا جائے گا۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ضلع سوات میں ویمن انجینئرنگ یونیورسٹی ، پیڈز ہسپتال اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی شرافت خان ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ، کمشنر ملاکنڈ ، ڈپٹی کمشنر سوات ، پی ڈی سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، سی ای او سید وگروپ آف ہاسپٹل سوات و دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ اجلاس کو ضلع سوات میں ویمن انجینئرنگ یونیورسٹی ،پیڈز ہسپتال اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔