ملک کے خوبصورت ترین علاقوں میں شامل وادی سوات میں صفائی اور شہریوں کو بہترین مونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی سوات کے دائرہ اختیار کو مزید علاقے تک وسعت دی جائے گی۔ سیاحتی علاقے میں سروسز کے معیار کو بڑھا کر بڑی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے سیکریٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی سوات کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ عابد اللہ کاکاخیل، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس سی سوات شیدا محمد، ایڈیشنل سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سید الرحمان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو ڈبلیو ایس ایس سی سوات کی اب تک کی کارکردگی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ کمپنی کے قیام سے قبل شہری علاقے سے روزانہ 70 ٹن کچرا اٹھایا جاتا تھا تاہم اب کمپنی 9 یونین کونسلوں کا 140 ٹن کے قریب کچرا روزانہ کی بنیاد پر ٹھکانے لگا رہی ہے۔ اسی طرح ڈبلیو ایس ایس سی کی نئی ڈمپنگ سائٹ بھی پوری طرح فعال ہو چکی ہے اور کچرا وہاں ڈمپ کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈبلیو ایس ایس سی اپنی بہترین پالیسیز کی بدولت خود کفالت کی جانب گامزن ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے کہا کہ سیاحتی علاقوں کی صفائی ازحد ضروری ہے تاکہ اندرون و بیرونِ ملک سے آنے والے سیاح علاقے کی خوبصورتی سے صحیح معنوں میں محظوظ ہو سکیں۔ صوبائی سیکریٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کمپنی کو مزید یونین کونسلوں تک توسیع دینے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ دوسرے علاقے کے لوگ بھی کمپنی کی خدمات سے مستفید ہو سکیں اور صفائی کا بھی مستقل بنیادوں پر بندوبست ہو سکے۔ شکیل احمد نے حکام پر زور دیا کہ سیاحتی علاقے میں میونسپل سروسز کے معیار کو مزید بہتر کریں اور اسے اوپر لے کر جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم نے مونسپل سروسز کی فراہمی میں ضلع انتظامیہ کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔