خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر عاطف خان نے کہا ہے کہ صوابی میں ہنڈ کے مقام پر واٹر تھیم پارک بنانے کے لئے بین القوامی کنسلٹنٹ سے رابطے میں ہے بہت جلد تمام تفریحی سرگرمیوں سے مزین واٹر تھیم پارک کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی کے مشیر برائے صنعت و تجارت  عبدالکریم خان سے گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سیاحت کامران رحمان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک بھی موجود تھے۔ وزیر اعلی کے مشیر  عبدالکریم  خان نے سینئر وزیر کو صوابی میں مختلف جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ عبدالکریم خان نے 1000 گراونڈ منصوبے کے تخت صوابی سے 7 کھیلوں کے میدان کے لئے جگہوں کی نشاندہی کی جس پر سینئر وزیر نے محکمہ کھیل کے حکام کو جلد ازجلد جگہوں کا جائزہ لینے کے لئے صوابی کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔ سینئر وزیر کو صوابی کے مختلف علاقوں میں ارکیالوجیکل سائٹس اور صوابی ہنڈ میوزیم کی سولرائزیشن کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔سینئر وزیر نے کہا کہ 1000 گراونڈ منصوبے کا مقصد نچلی سطح پر نوجوانوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنا ہے جس کے لئے 5۔5 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔اسکے علاوہ بھی کھیلوں کے فروغ کے لئے اربوں روپے رکھے گئے ہیں۔ہمارے صوبے کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہیں لیکن انہیں مواقع کرنے کی ضرورت ہے اور موجودہ حکومت نوجوانوں کو مقامی سطح پر کھیل کود کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔