وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے کافی بہتری آئی ہے پاکستان ہو یا بین الاقوامی میدان ، صوبے کے ہونہار نوجوان ملک کا نام روش کر رہے ہیں۔ ارلی ایج پروگرامنگ سے لے کر سٹیٹ آف دی آرٹ شلمان سکول آف ٹیکنالوجی تک تمام منصوبے کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیںجبکہ میڈیا سمیت بین الاقوامی فورمز پر ہماری کامیابیوں کاتذکرہ ہر زبان پر ہے۔ آئی ٹی پارکس، انکیوبیشن سنٹرز اورنچلی سطح پر ٹیکنالوجی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے لاہور میں گلوبل انفینیٹ لیبز کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مینجمنٹ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ شہباز خان کے ہمراہ پنجاب سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کمپنیوں کے سربراہان سے اپنی گفتگو میں کہا کہ اب صوبہ خیبرپختونخوا سائنس و آئی ٹی میں بہت ترقی کرچکا ہے ، 2019 میں ملکی سطح اور بین الاقوامی لیول کے اعزازات حاصل کئے جو سب کے سامنے ہیں۔ لائیو شیل گرینوویشن اورپاشا ایوارڈ میں ہمارے تربیت یافتہ نوجوان سب سے آگے رہے ۔ صوبے میں آئی ٹی کے فروغ کے لئے روڈ میپ ڈیجیٹل پالیسی کی شکل میں واضح ہے اور اس کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کی مد میں صنعت کاروںاور سرمایہ کاروں کے لئے تمام سہولیات دے رہے ہیں۔
اجلاس کے دوران مختلف آئی ٹی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیوز نے معاون خصوصی برائے سائنس و آئی ٹی کامران بنگش کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے متعلق ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیںجس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے اور وہاں پر سرمایہ کاروں کے لئے بہترین ماحول موجود ہے۔