مشیرتعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے ضلع پشاور میں اوپن بک لائبریری کے کامیاب منصوبے کے بعد پورے صوبے کے تمام ہائرسیکنڈری سکولوں میں اوپن بک لائبریریز قائم کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اوپن بک لائبریریز کی بدولت تمام طلباء کو کورس کے ساتھ ساتھ جنرل نالج، تاریخ، اسلامیات، انگلش اور دوسرے اہم معلوماتی کتب دستیاب ہوں گے جبکہ روایتی لائبریریز کلچر سے ہٹ کر طلباء ان سہولیات سے فوائد حاصل کرسکیں گے۔ حذیفہ آفتاب شہید سیکنڈری سکول حیات آباد پشاور میں اوپن بک لائبریری کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیرتعلیم نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے جدید دور میں طلباء میں پڑھنے اور کتاب دوستی کا رجحان کم ہوچکاہے۔ آج ہر بچے کے دسترس میں انٹرنیٹ ہے تاہم کتابیں بھی معلومات اہم ذریعہ ہے۔ جس کے پیش نظر یہ منصوبہ شروع کیا گیا اور ضلع پاور میں کامیابی کے بعد پورے صوبے کے ہائرسیکنڈری سکولوں تک اس کو وسعت دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا بنیادی مقصد طلباء کا کتابوں سے رشتہ جوڑناہے تاکہ ہم اس ملک کے عظیم شہری مفید پاکستانی اور پوری دنیا کو عظیم انسان دے سکیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سرکاری سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور اصلاحات کی بدولت ہم نے پرائیویٹ اورسرکاری سکولوں میں ایک مقابلے کی فضاء پیدا کی ہے۔ اب عوام کو چاہئیے کہ وہ ان میں سے ایک کا انتخاب کریں۔ اوپن بک لائبریری تقریب میں ممبرصوبائی اسمبلی زبیرخان الائی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن پشاور ادریس اعظم، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عرفان خان، طلباء اور دیگرماہرین تعلیم نے بھی شرکت کی۔ مشیرتعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے طلباء پر زوردیا کہ حکومت اپنی طرف سے اصلاحات لارہی ہے مگر آپ طلباء بھی مزید محنت کریں۔ اپنی تمام ترتوجہ تعلیم پر دیں اج پوری دنیا میں ایک مقابلے کی فضاء ہے اور وہی اقوام کامیاب ہوگی جوکہ بہترین زیورتعلیم سے آراستہ ہو۔ انہوں نے اساتذہ سے بھی مطالبہ کیا کہ طلباء کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت پرتوجہ دی جائے تاکہ ہم معاشرے کو ایسے نوجوان دے سکیں جن پر پورے ملک کو فخر ہو۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے سکول پرنسپل، اساتذہ کرام اور طلباء کو خراج تحسین پیش کیا کہ ان کی محنت اور کوششوں کی بدولت سکول بہترین نتائج دے رہی ہیں۔